نئی دہلی،25جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ جناب راجناتھ سنگھ کل یہاں پولیس کے نوجوان سپرنٹنڈنٹ کی دوسری کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ اس کانفرنس کا اہتمام بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ نے کیا ہے۔ دو روزہ کانفرنس میں پولیس کے 100 سے زیادہ سپرنٹنڈنٹ اور ریاستوں کے سینئر پولیس افسران کے علاوہ سی اے پی ایف ایس کے افسران بھی شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا موضوع ہے ہندوستانی پولیس فورسز کیلئے پیش خبری کی نگرانی اور ہم عصر چیلنجز ہے اور اس کا مقصد شہریوں کو پولیس کی خدمات کی مؤثر فراہمی کیلئے آرٹی فیشیل معلومات ،پیش خبری نگرانی ، جرائم کا تجزیہ ، بڑے اعداد وشمار کا تجزیہ ، جیواسپاٹیل ٹیکنالوجی، سائبر کرائم ،سرویلنس ٹریکنگ اور یو اے وی ایس کے علاوہ سی سی ٹی وی آلات کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجیوں سے متعلق پولیس کے نوجوان سپرنٹنڈنٹس اور کمانڈنٹس میں بیداری پیدا کرنا ہے۔کانفرنس کے ساتھ ساتھ ایک قومی سطح کی پولیس ایکسپو یعنی نمائش کا ابھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ یہ نمائش مختلف نالج پارٹنر اور دیگر فریقوں کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔ بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ٹیکنالوجی تیار کرنے والوں (انڈسٹری ، ماہرین تعلیم اور حکومت کے ٹیکنیکل اداروں )اورقانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے نمائندوں کے درمیان ایک انٹرفیس پیدا کرنا چاہتا ہے۔اعلیٰ ٹیکنالوجی پر مشتمل پولیسنگ اسمارٹ سٹیز کے ساتھ محفوظ شہروں کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ پولیس خدمات فراہم کرنے کے معیار میں بہتری آئے گی۔ پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر کرن بیدی 27 جولائی 2018 کو کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کریں گی۔